اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی وکلا کیخلاف پاکستان بار میں درخواست دینے کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے اپنے متعلق بیان دینے دینے والے پارٹی وکلا کے خلاف پاکستان بار میں درخواست دینے کا اعلان کردیا۔الیکشن کمیشن سے باہر میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلا میرے خلاف جھوٹ بول رہے ہیں، جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ میں پی ٹی آئی کارکن نہیں ہوں اور مجھے 10 سال پہلے پارٹی سے فارغ کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کے فیصلے ان کے سامنے رکھیں گے، پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن محض ایک فراڈ تھے، استدعا کی تھی پی ٹی آئی کے دوبارہ اور دیگر جماعتوں کے بھی انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں۔اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کمیشن کی جانب سے ہمیں ایک نوٹس آیا، سرخیاں لگی تھیں میری درخواست مسترد کردی گئی، دوبارہ دلائل کے لیے 14 تاریخ دی گئی ہے۔بانی رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ جو وکلا جھوٹ بول رہے ہیں ان کے خلاف پاکستان بار میں درخواست دیں گے، پاکستان بارکونسل ان وکلا کے لائسنس منسوخ کرے۔