ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، پولیس نے ملک کیلئے قربانیاں دیں،انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد (آن لائن) نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، پولیس نے ملک کے لیے قربانیاں دیں، آئین کے تحت کوئی فرد یا کوئی گروہ پر تشدد کارروائیوں میں ملوث نہیں ہو سکتا، معاشرے میں بہتر ی کیلئے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں پولیس کے سابق انسپیکٹر جنرلز کی 7 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ پولیس نے ملک میں امن و امان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ، پولیس ایک خدائی خاکروب ہے جو معاشرے کو صاف ستھرا رکھتی ہے، نرسنگ اور پولیس کے مقدس پیشوں کی حرمت کا خیال نہیں رکھا گیا، شعبہ نرسنگ اورپولیس کو ری برینڈ کرنے کی ضرورت ہے، ملازمت کی نوعیت جو بھی ہو فرض شناسی سے کام کرنا ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، کسی بھی پیشے سے تعلق رکھتے ہوں، اپنا کام ایمانداری اور پوری لگن سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سینیئر رینک کے پولیس افسر انسانی اسمگلنگ میں جرائم پیشہ افرادکے پارٹنربن گئے، پولیس عوام اور ان کے بچوں کو گلیوں اور ہر مقام پر تحفظ فراہم کرتی ہے۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ میڈرڈ، لندن اور پیرس کی گلیوں میں کتنے خودکش بمبار گھوم رہے ہیں؟ کیا وہاں کوئی اینٹی ایئرکرافٹ گنز لے کر چلتا ہے یا طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے؟انہوں نے مزید استفسار کیا کہ کیا برطانیہ، امریکا، فرانس اور اسپین کے عوام ہماری سوسائٹی کی طرح اسلحے سے لیس ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ ملک سعد، حامد شکیل، اور صفت غیور جیسے بہترین پولیس افسر بھی ہیں، کیا ہم اچھے اور برے لوگوں کا مجموعہ نہیں ہیں؟ پھر ہماری شناخت کا تعین کون کرے گا ، ملک میں قیام امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو قانون سازی کرنی چاہیے، آئین کے تحت کوئی فرد یا کوئی گروہ پر تشدد کارروائیوں میں ملوث نہیں ہو سکتا، معاشرے میں بہتر ی کیلئے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے ہم محکمہ پولیس کے مقرض ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90ہزار قربانیاں دی ہیں، کوئی بھی معاشرہ افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا.