مریم نواز کے بیٹے کے نام لندن میں کمپنی کا انکشاف

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے محمد جنید صفدر کی جانب سے لندن میں کاروبار شروع کرنے کیلئے برطانیہ میں دوسال قبل ایک کمپنی بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کی انویسٹگیشن رپورٹ کے مطابق جنید صفدر کی فیملی اور برطانوی کمپنیز ہاؤس نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ جنید صفدر نے دوسال قبل یہ کمپنی قائم کی تھی۔ دستاویزات کے مطابق کمپنی ائزل اینڈ وکٹوریہ اکتوبر2021 میں قائم کی گئی تھی،جنیدصفدرکمپنی کے اکیلے ڈائریکٹربنے تھے، کمپنی نے اپنی سٹیٹمنٹس بھی کمپنی ہاؤس کے ساتھ جمع کرا رکھی تھی۔ رپورٹ کے مطابق فیملی ذرائع نے کو بتایا کہ لندن میں کاروبار کیلیے کمپنی جنید صفدر نے خود ہی بنائی، کمپنی کے دستاویزات میں جنید صفدرطالبعلم کے طور پر نظر آتے ہیں اورکمپنی کا ایڈرس ایوین فیلڈ ہاوس پارک لین کے پتہ پردیا گیا۔جنید صفدر نے 2022 میں کمپنی کا کاروباری پتہ تبدیل بھی کرایا، پھر کمپنی دو سال بعد پچھلے مہینے یعنی نومبرمیں تحلیل کردی گئی۔کمپنی نے اپنی سالانہ سٹیمنٹ بھی جمع کرائی ہوئی ہے، کمپنی کی دی گئی کاروباری پروفائل کی تفصیلات کے مطابق کمپنی نے اپنی آڈٹ رپورٹ اور فنانشل سٹیمنٹ جمع نہیں کرائی تھی۔ رپورٹ کے مطابق یوکے کمپنیز ہاوس نے کمپنی کی تصدیق کرتے ہوئے کمپنی کی پروفائل کی مصدقہ کاپی بھی فراہم کردی ہے۔خاندانی ذرائع نے موقف دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپنی نے کوئی کاروبار نہیں کیا کیونکہ جنید صفدر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ واپس پاکستان آجائیں۔ جنید صفدر نے مزکورہ کمپنی اب تحلیل کردی ہے۔