اسلام آباد (آن لائن ) وزارت خزانہ نے ملک میں عام انتخابات کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو درکار فنڈز 2 روز میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکرٹری خزانہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جس کے بعد وزارت خزانہ نے عام انتخابات کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جنتی ضرورت ہوگی فنڈز جاری کردیں گے، دو دن میں الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے فنڈز جاری ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کیلئے مختص رقم تاحال ریلیز نہ ہونے کا انکشاف ہوا، بجٹ میں مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور آئندہ انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکریٹری خزانہ کو الیکشن کمیشن طلب کیا گیا۔بتایا جارہا ہے کہ راوں مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں، بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر17 ارب روپے درکار ہیں، اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے کئی بار رجوع کیا گیا، وزارت خزانہ کو رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاد دہانی بھی کرائی گئی، رقم کی فراہمی سے متعلق ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے رقم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا، رقم کی عدم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم کو تفصیلی خط لکھا جائے گا۔
Load/Hide Comments



