برطانوی پولیس کی عادل راجہ کی گرفتاری کی خبروں کی تردید

لندن(آن لائن)برطانوی پولیس نے سابق فوجی افسر عادل راجہ کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عادل راجہ کو لندن پولیس کی جانب سے گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔لندن پولیس ذرائع نے کہا کہ میٹرو پولیٹن پولیس صرف لندن کی حدود میں کارروائی کرتی ہے اور عادل راجہ لندن سے باہر کے علاقے میں رہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عادل راجہ جس علاقے میں رہائش پذیر ہیں اس علاقے کی پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی عادل راجہ کی گرفتاری کی خبروں سے لاعلمی ظاہر کی۔ ایک خبررساں ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عادل راجہ کو لندن سے گرفتار کیا گیا اور رپورٹس میں سفارتی ذرائع کی تصدیق کا بھی کہا گیا۔ تاہم نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں موجود پاکستانی سفارتکار نے بتایا کہ ان کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں، ان ذرائع نے کہا کہ لندن سے عادل راجہ کی گرفتاری کی خبر غلط ہے۔ رپورٹ کے مطابق عادل راجہ کے وکیل مہتاب عزیز سے بھی رابطہ کیا گیا جس پر مہتاب عزیز نے کہا کہ ان کا عادل راجہ سے رابطہ ہوا ہے ان کی گرفتاری کی خبر غلط ہے، ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ عادل کو حالیہ دنوں میں گرفتار نہیں کیا گیا لہٰذا نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری خبر غلط ہے۔