لاہور (آن لائن) سابق وزیراعظم ومسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر چارٹر آف اکانومی کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ متفقہ قومی معاشی منشور ہی پاکستان کو مسائل سے نکال سکتا ہے، چارٹر آف اکانومی کی تجویز بطور قائد حزب اختلاف دی جس پر آج پوری قوم متفق ہو چکی ہے، انتخابات میں کامیابی ملی تو نواز شریف کی قیادت میں قومی ترقی کے معاشی منشور پر عمل کریں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی اور جذباتی بیانات سے نہیں پالیسی اقدامات سے معیشت بحال اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی، عوام مہنگائی سے نجات اور معاشی خوشحالی چاہتے ہیں، روزگارمہیا کریں گے اور غربت کا خاتمہ کریں گے، انشااللہ بجٹ خسارا کم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات صرف مسلم لیگ (ن) دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لئے حصہ لے رہے ہیں۔نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو سنوارا، پورے پاکستان کو مساوی بنیادوں پر ترقی دی، زرعی انقلاب لائیں گے، صنعت، معدنیات، آئی ٹی کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوگی، 2000ارب روپے کے زرعی پیکج نے معاشی بہتری اور زرعی شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، کاروبار میں آسانی لاکر سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے، عوام انتخابات میں واضح اکثریت دیں تاکہ پاکستان کو معاشی خود انحصاری ملے، عوام کو مہنگائی سے نجات ملے۔ شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کرکے معاشی پائیداری یقینی بنائیں گے، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، سٹارٹ اپس کی معاونت اور سرپرستی کرکے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے، ان شااللہ، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کا مرکز و محور بنائیں گے، آئی ٹی کے فروغ سے نوجوانوں کے روزگار اور زرمبادلہ میں اضافے کے دونوں اہداف حاصل ہوں گے۔ صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ معاشی ترقی کی طرف توجہ دینا ہوگی، معاشرے کو نفرت، گالم گلوچ کے کلچر سے پاک کرنا ہے، عوام نے ووٹ دیا تو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی توجہ عوامی مسائل کے حل پر ہوگی، نوجوان، کسان، مزدور، محنت کش، دیہاڑی دار، بیوہ، یتیم اور کمزور طبقات کے حل پر خصوصی توجہ ہو گی۔
Load/Hide Comments



