کمرہ عدالت میں 200 سے 250 افراد بیٹھ سکتے ہیں،ہمارے شور کرنے پر 4 سے 5 افراد کو بیٹھایا گیا،زین قریشی

راولپنڈی(آن لائن)سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ آج کی سماعت کا اوپن ٹرائل کیا جائے،سیکورٹی خدشات کو بہانہ بنا کر شاہ محمود قریشی کو عدالت پیش نہیں کیا گیا آج کی سماعت تاخیر سے شروع ہوئی، پبلک اور میڈیا آج کی سماعت میں موجود نہیں تھے،ہفتہ کے روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا اور پاکستان کا سارا میڈیا موجود تھا کسی کو اجازت نہیں دی گئی،کمرہ عدالت میں 200 سے 250 افراد بیٹھ سکتے ہیں،ہمارے شور کرنے پر 4 سے 5 افراد کو بیٹھایا گیا،وہ بظاہر پبلک کے لوگ نہیں تھے،آج کی سماعت میں اوپن ٹرائل کا تقاضا پورا نہیں کیا گیا،انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ سماعت پر میڈیا اور پبلک کے لوگ موجود ہوں گے،پاکستان کے سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ کو ٹرائل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،سائفر کیس کے حوالے سے تمام حقائق عوام کے سامنے آنے چاہئیں،انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا یہ کسی اور جماعت میں نہیں ہوا،ہم الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی عزت کرتے ہیں اور ہمیشہ کی ہے،انٹرا پارٹی الیکشن پر سوالیہ نشان ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے،الیکشن کمیشن میں فیصلہ محفوظ ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارا انتخابی نشان بلا آلاٹ کیا جائے۔