نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی کوپ28 کانفرنس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

دبئی(آن لائن)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کوپ28 کانفرنس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں،وزیر اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے آئی ایم ایف ایم ڈی کی طرف سے معاشی صورتحال میں بہتری اور پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کو سراہا۔ اس کے علاوہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔مالدیپ کے صدر محمد معوذ سے ملاقات میں پاک مالدیپ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگراں وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ترقی پافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں۔