خیبرپختونخونخواہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے: مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختونخوا ہ اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے، دس سال میں بی آرٹی اور بلین ٹریزسونامی کے نام پر خیبرپختونخوا ہ میں بدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی، نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخواہ کے یوتھ کوارڈی نیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں خیبرپختونخواہ میں یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کوارڈی نیٹرز کی تقرری کے امور پر مشاورت ہوئی جبکہ اس موقع پر تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخونخواہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، دس سال میں خیبرپختونخوا ہ کو کنگال صوبہ بنادیاگیا، دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے، قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایاگیا، دس سال میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، دس سال میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا ہ صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے، پاکستان کی طرح خیبرپختونخواہ کو تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لاد کر بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخواہ کو صحت کارڈ نوازشریف نے دیا تھا، یکم جنوری 2016 کو وزیراعظم نوازشریف نے صحت کارڈ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے غیرت مند اور وفاشعار عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی، 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختونخوا ہ اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے، خیبرپختونخواہ کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے، میں جدید ترین ہسپتال، بہترین تعلیمی ادارے بنائیں گے۔ یوتھ کوارڈی نیٹرز نے مریم نوازشریف کی طرف سے ورکرز کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا.