کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے ہم اس دل کو جیتنے آئے ہیں جو دوسرے صوبوں کو نظر نہیں آتا اس دل کو جیتنا ضروری ہے اس کو جیتے بغیر پاکستان کو صحیح نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت سے غم اور دکھ چھپے ہوئے ہیں جن پر مرہم رکھ کر ان کے دکھوں کا مداوا کرنا ہوگا اور لوگوں کو اپنے وسائل کا مالک بناکر ان کی زندگی کو آسان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، نثار احمد کھوڑو،چیف آف جھالاوان سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری،میر محمد صادق عمرانی، حاجی علی مدد جتک، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،خواتین بلوچستان کی صدر غزالہ گولہ، جنرل (ر) عبدالقادر، شرجیل میمن،سید خورشید شاہ، سید ناصر حسین شاہ، شرمیلہ فاروقی، شازیہ مری،سردار سربلند خان جوگیزئی،نصیب اللہ شاہوانی،نور الدین کاکڑ، کشمیر کے صدر چوہدری،شادی خان، راجہ رضوان عالم، سید اقبال شاہ سمیت و دیگر نے خطاب کیا۔ یوم تاسیس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، نفیسہ شاہ، فیصل کریم کنڈی، اعجاز احمد دھامرا، سردار نور احمد بنگلزئی، سردار عمران بنگلزئی، جعفر جارج سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے جو اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو نظر نہیں آتا اور نہ ہی دیگر صوبوں کو نظر آرہا ہے یہ دل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کو نظر آتا ہے اور اس دل کو جیتنا بہت ضروری ہے اس دل کو جیتے بغیر پاکستان کو صحیح نہیں کرسکتے۔سنتے کانوں، دیکھتی آنکھوں والوں دھرتی کے نیچے چھپے ہوئے دکھ غم نظر نہیں آتے ان پر ہم نے پہلے ہی مرہم رکھا تھا اور مزید مرہم رکھنا ضروری ہے تاکہ ان کے دکھ درد کو کم کیا جاسکے۔ اس لئے میں بلوچستان کے لوگوں کو گیس، آئل سمیت دیگر اپنے وسائل کا مالک بنانا ہے بلوچستان کو پانی، تعلیم، صحت کی سہولیات کی ضرورت فراہم کرکے معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ سندھ چینی، کپاس اور دیگر چیزوں کا ریٹ طے کرتا ہے جس سے صوبے کے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ بن کر پاکستان کی دنیا میں عزت بحال کی ہر دور میں بلاول کو سپورٹ کریں اورآنے والا کل نوجوانوں کا ہے ہم نے صوبے کے کسانوں کو اور پاکستان کو مر بوط بنانا ہے تاکہ آپ کی خدمت کرسکیں اور غریبوں کی خدمت کرنی ہے۔ بلاول بھٹو کو کچھ لوگ والدہ اور کچھ والد سمیت نانا سے جانتے تھے لیکن اب اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں ہم نے اس کی سرپرستی اور تربیت کرنی ہے جو تجربہ ہمارے پاس ہے اس کو منتقل کرکے نوجوانوں کا لیڈر بنانا ہے آپ بھی بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار اد اکریں اور پاکستان کو کمزور نہیں بلکہ انفرادی طور پر بھی باشعور محنت کش لوگوں کو چینلائزڈ کرکے ایک جگہ اکٹھے کرنا ہے کیونکہ بلاول کو نوجوانوں کا لیڈر بنانا ہے ہم نے لیڈر کے پاؤں کھنچنے کی سیاست کبھی نہیں کی اور میں ایسا ماحول بنانا چاہتا ہوں کہ ہاری کسان خوشحال ہوں۔بلاول اور میں نے جیالوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے پاکستان کے بچے بوڑھے سب دیکھیں گے کہ مڈل کلاس اور مزدور طبقے کو کس طرح امیر بنانا ہے تاکہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک عظیم ملک بناکر پیش کیا جاسکے اور ملک اور قوم کی خدمت کرسکیں۔
Load/Hide Comments



