پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی پنجاب میں پختون مزدوروں کیلئے رجسٹریشن کی شرط مسترد کرتی ہے۔ مزدوری اور کاروبار کیلئے پنجاب جانے والے پختونوں کیساتھ تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں۔ سوتیلے پن کا سلوک مانا ہے اور نہ کبھی مانیں گے، پنجاب کو اپنی روش ترک کرنی ہوگی۔پنجاب اگر پختونوں کیلئے اپنی روش نہیں بدلتا تو ہم بھی اپنا فیصلہ کرنے کا اختیار کھتے ہیں۔ ایسا ہی ہوتا رہا ہے تو پختونخوا میں تعینات پنجاب کے افسران کو بھی یہاں رہنے نہیں دیں گے۔ واضح کرتے ہیں اگر وہاں پختونوں کو رہنے کا حق نہیں تو پنجاب کے شہری بھی پختونخوا میں نہیں رہ سکتے۔ عوامی نیشنل پارٹی پی کے 30 کے زیراہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ شانگلہ کے عوام پاکستان بھر میں کوئلے کی کانوں میں مزدوری پر مجبور ہیں۔بدقستمی سے ان مزدوروں کیلئے کسی بھی قسم کی حکومتی پالیسی موجود نہیں ہے۔کوئلے کی کانوں میں حادثات سے شانگلہ کے عوام نے بے پناہ جانی نقصان اٹھایا ہے۔اے این پی اقتدار میں آکر کوئلے کے مزدورں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پالیسی بنائی گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بار بار دہراتے ہیں کہ پختون سرزمین پر جنگ وسائل اور اختیار کی ہے۔پختونوں کے وسائل پر پختونوں کا اختیار اے این پی کا بنیادی نظریہ ہے۔اے این پی نے باچا خان اور ولی خان کے ارمانوں کو اٹھارہویں آئینی ترمیم کی شکل میں عملی کیا۔اے این پی کا مقصد کبھی بھی ذاتی مفاداور اقتدار نہیں رہا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے۔ ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ سستی ترین پن بجلی پیدا کرتی ہے، جبکہ ہماری ضرورت 3 ہزار میگا واٹ ہے لیکن عوام اس سے بھی محروم ہیں۔ ایک روپیہ سے بھی کم لاگت میں بننے والی بجلی کو ہمیں 50 روپے فی یونٹ تک میں بیچا جارہا ہے۔ اگر صرف بجلی کا حق بھی پختونخوا کو ملا تو ہمیں کسی کے محتاج نہیں رہیں گے۔ گندم پر اگر پنجاب کا حق ہے تو ہم بھی اپنی پیداکردہ بجلی پر حق رکھتے ہیں۔ پختونخوا گیس اور تیل میں بھی خودکفیل ہے لیکن عوام آج بھی ترقی اور خوشحالی سے محروم ہیں۔ یہ ہمیں کسی صورت قبول نہیں کہ ہمارے وسائل پر دوسرے لوگ مزے کریں۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کواپنی آنی والی نسلوں کا مقدر بدلنا ہے تو ووٹ کی طاقت کو پہچاننا ہوگا۔ متحد ہوکر ذاتی مفادات کیلئے سیاست کرنے والوں کو رد کرنا ہوگا۔ اپنے وسائل پر اختیار کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کا ساتھ دینے کا سوا کوئی چارہ نہیں۔ کنونشن سے صوبائی جائنٹ سیکرٹری و امیدوار پی کے 30 فیصل زیب خان، ضلعی صدر اعظم خان، امیدوار این اے 11 اورنگزیب خان، امیدوار پی کے 28 متوکل خان ایڈوکیٹ، امیدوار پی کے 29 الطاف حسین ایڈوکیٹ اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔
Load/Hide Comments



