پنجاب حکومت کا سموگ پر قابو پانے کیلئے چین سے مشاورت کا فیصلہ

لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کیلئے دوست ملک چین سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔اہل لاہور کی سموگ سے جان نہ چھوٹ سکی، سموگ کی روک تھام کے لئے حکومت کی جانب کئے جانے والے اقدامات بھی بے اثر ثابت ہو رہے ہیں۔نگران پنجاب حکومت اب سموگ پر قابو پانے کے لئے چین سے مشاورت کرے گی، چین میں ہفتے میں 2روز کے لئے نصف گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے کی اجازت ہوتی ہے، دوسرا یہ کہ چین میں کول پاور پلانٹس بند کرنے سے سموگ پر 40 فیصد تک قابو پا لیا گیا۔چین میں مصنوعی بارش برسانے کے ساتھ ساتھ سپیشل گیلے ماسک استعمال کئے جاتے ہیں، پنجاب کے نگران وزراء نے مشاورت کے لئے چینی ماہرین کے ساتھ رابطہ کر لیا۔ دوسری جانب گزشتہ ہفتے پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود صوبائی دارالحکومت لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی۔فضائی آلودگی سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ہیں، شہر کا ہر منظر دھندلا گیا۔منگل کے روز بھی فضائی آلودگی میں لاہور دوسرے نمبر پر رہا، لاہور میں مجموعی طور پر اے کیو آئی 280ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے مصنوعی بارش برسانے کے لئے ورکنگ شروع کرتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔ادھر سموگ سے دمے اور کھا نسی کیمریضوں میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ چند دنوں کے دوران سموگ سے متاثرہ ہزاروں افراد نے علاج معالجے کیلئے ہسپتالوں کا رخ کیا۔طبی ماہرین نے شہریوں کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔