اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 26 نومبر سے 28 نومبر تک اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگران وزیراعظم 26 نومبر سے 28 نومبر تک اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی، دفاع اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔بیان میں بتایا گیا کہ اس دورے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹک، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید گہرے ہوئے ہیں۔بعدازاں انوار الحق کاکڑ متحدہ عرب امارات میں یکم اور 2 دسمبر کو ہونے والی 28 ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ-28) کے اہم اجلاس میں بھی پاکستان کا مو قف پیش کریں گے۔رواں ہفتے کے آغاز میں ایک اجلاس کے دوران نگران وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ کلائمیٹ فنانس (موسمیاتی مالیات) اور دیگر امور پر کوپ-28 کے دوران پاکستان کا مؤقف مو ثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مکمل تیاریاں کریں۔
Load/Hide Comments



