عوام کا ووٹ ایک قومی امانت ہے‘ ووٹ کا صحیح استعمال قوموں کی تقدر بدل دیتا ہے،راجہ ریاض احمد

فیصل آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار این اے 104 اور سابق قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہاہے کہ عوام کا ووٹ ایک قومی امانت ہے‘ ووٹ کا صحیح استعمال قوموں کی تقدر بدل دیتا ہے‘ ووٹ ڈالتے وقت محب وطن لیڈر کا انتخاب کریں‘حالات نے ثابت کیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف ہی ملک میں خوشحالی لا سکتا ہے‘ ماضی میں میاں نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا اور ملک کو صحیح سمت پر گامزن کیا‘موجودہ سیاسی حالات میں واضح اکثریت سے مسلم لیگ ن کی حکومت اور میاں نوازشریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کا سیاسی مخالفین کو علم ہو چکا ہے‘ توقع ہے کہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی اس لئے میری آپ سب سے اپیل ہے کہ میاں محمد نواز شریف کے شیروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں تاکہ ملک میں ایک مرتبہ پھر خوشحالی آ سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے‘ محمد قمرالمعروف چڑی سائیں‘ سابق چیئرمین سید علی بلال شاہ نے آستانہ عالیہ گنج شکر اسلام نگر میں منعقدہ محفل میلاد کی تقریب کے دوران سیاسی حوالے سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر اللہ کی قربت حاصل کی جا سکتی ہے‘ جو انسان اللہ کی مخلوق کوراضی کر لیتا ہے اللہ اس سے راضی ہو جاتا ہے‘ اولیاء کا فیضان حاصل کرکے دلی سکون حاصل ہوتا ہے، اولیاء اللہ سے محبت رکھنے والے کبھی گمراہ نہیں ہوتے‘ اولیاء اللہ کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں‘ تقریب کے آخر میں بابامحمد قمرالمعروف چڑی سائیں‘ سابق چیئرمین سید علی بلال شاہ نے راجہ ریاض احمد کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم سب راجہ ریا ض احمد کی ٹیم ہیں اور ہم راجہ ریا ض احمد کی کمپین خود چلائیں گے اور راجہ ریا ض کو کامیاب کروائیں گے۔