اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا میں سینیٹر رضا ربانی نے فلسطین کے حوالے سے تباہ کن بیان پر صدر مملکت سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کو موقف واضح ہے اس حوالے سے صدر مملکت کے بیان کی وضاحت کی گئی ہے۔منگل کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر میاں رضار بانی نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیر خارجہ کی توجہ اس بات کی جانب دلانا چاہتا ہوں کہ چند روز قبل صدر مملکت نے فون پر فلسطین کے صدر کے ساتھ گفتگو کی اور فلسطین میں جو صورتحال ہے اور دن بدن غزہ کی صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے جبکہ بدقسمتی سے مسلم امہ خاموش ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر مملکت کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں صدر مملکت نے کہاہے کہ ون اسٹیٹ سلوش اسرائیل اور فلسطین کیلئے ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ یہ حل پاکستان کی جانب سے پہلے کبھی نہیں تھا میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ حکومت اس تباہ کن بیان کو کس نظر سے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت کو اس بیان کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے جس پر نگران وزیر خارجہ نے کہاکہ یہ درست ہے کہ ایوان صدر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں وزارت خارجہ کا کوئی ان پٹ شامل نہیں تھا انہوں نے کہاکہ اس بیان کے بعد ہم نے وضاحت جاری کی ہے جس کو او آئی سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوایا ہے اور میڈیا میں بھی اس کی وضاحت کی گئی۔
Load/Hide Comments



