ملک میں امید کا فقدان ہے، الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا، مصدق ملک

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد یقینی طور پر پاکستان میں معاشی استحکام آجائے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمار ے ملک میں اس وقت امید کا فقدان ہے۔ اسٹرکچرل تبدیلیوں اور درست حکمت عملی کے ساتھ غربت سے نکل سکتے ہیں۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کو ایک ڈیڑھ سال مشکل فیصلے کرنا ہوں گے اس کے بعد ملک ترقی کے سفر پر آگے بڑھ جائے گا۔ الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا تاہم ملک کی آمدن بڑھانے کے ذرائع بنانا پڑیں گے۔لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتیں معیشت پر اپنا اپنا نقطہ نظر لے کر چل سکتی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے معاشی ایجنڈا کا مرکزی نکتہ غریب آدمی ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری اور بزنس کیلئے رکاوٹیں دور کریں گے۔