مٹھی / کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بننے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ملک بھر کے پسماندہ طبقات کی بہبود کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجراء کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین کا آئندہ عام الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر صدر آصف علی زرداری کی چند مہینوں کی محنت سے مخالف جماعت کا وزیراعظم بن سکتا ہے، تو ان ہی کی کاوشوں سے آنے والے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم جیالے بھی بن سکتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے دیوالی کی مناسبت سے ضلع تھرپارکر کے مرکزی شہر مٹھی میں منعقد عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہندو برادری کو روشنی کے تہوار کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ان کی جماعت رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر ہر قسم کے امتیاز کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے اقلیتی برادری کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔” واضح رہے کہ تھرپارکر پاکستان میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اقلیتی ہندو برادری کی آبادی پر مشتمل ضلع ہے۔ مٹھی کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈیول جاری نہ کرنے کی وجہ سے ان کی جماعت نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز نہیں کیا۔ عوام کا جذبہ دیکھ کر مجھے ابھی سے نظر آرہا ہے کہ 8 فروری کو فتح تیر کی ہوگی، پی پی پی کو ہوگی، اور عوامی حکومت بنے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اپنی جماعت کے منشور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا منشور وہی ہے جوذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کی افادیت جتنی 70 اور 80 کی دہائیوں میں تھی، اس سے کہیں زیادہ ضرورت آج ہے۔ جب تک مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہوگی، ہمارا نعرہ یہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024ء کے الیکشن کے حوالے سے دیگر نکات کے ساتھ ساتھ تھرپارکر بھی ان کے منشور کا حصہ ہے۔ تھرپارکر پی پی پی کا منشور ہے، تھرپارکر پی پی پی کا بیانیہ ہے، تھرپارکر پی پی پی کی کارکردگی ہے۔ انہوں نے مزید تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کی صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات نے ریگستانی علاقے پر مشتمل ضلع کے انفراسٹرکچر کو تبدیل کردیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرکول منصوبہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، صدر آصف علی زرداری نے اس خواب کو عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول کے محض ایک بلاک کے فعال ہونے سے مقامی آبادی کے 20 ہزار لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ جیسے جیسے یہ منصوبہ آگے بڑھے گا، مقامی لوگوں کو مزید روزگار کے مواقع ملیں گے۔
Load/Hide Comments



