غزہ بچوں کا قبرستان بن گیا ، نسل کشی کا نشانہ بننے والوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، احسن اقبال

بیجنگ(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ غزہ بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، نسل کشی کا نشانہ بننے والوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا ہے۔ بی آر آئی’ کے ثمرات کے موضوع پر چین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبہ پاکستان کے لئے لائف لائن بن چکا ہے، صدر شی جن پنگ کا تصور دنیا کی بین الاقوامی تعلقات میں بڑی تبدیلی لایا ہے، سرحدوں کی قید سے ماورا وڑن لوگوں کو انفراسٹرکچر کے جال کے ذریعے جوڑ رہا ہے، یوکرین کی جنگ ختم نہیں ہوئی اور فلسطین میں جنگ بھڑک اٹھی ہے، اسرائیل مغرب کی غیر مشروط حمایت سے فلسطین پر ظلم وبربریت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، نسل کشی کا نشانہ بننے والوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ عالمی تعاون اور اشتراک عمل کی حیران کن مثال بن چکا ہے، بی آر آئی میں دنیا کے مشکل مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، سی پیک پاکستان اور چین کی ترقی کی صلاحیت رکھنے والا منفرد منصوبہ ہے، سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا ہے، بی آر آئی کے نشان ساؤتھ ایسٹ ایشیا، ساؤتھ ایشیا اور سینٹرل ایشیا تک پھیل چکے ہیں، یہ ساؤتھ ساؤتھ تعاون کی عمدہ مثال ہے، بندرگاہوں، سڑکوں اور ریل کے ذریعے ایشیا، یورپ اور افریقہ کو جوڑنے کا ذریعہ یہ منصوبہ عالمی معیشت کے لئے نہایت اہم ہے، سیاسی جماعتیں عوام کیلئے فیصلہ سازی کرتی ہیں، سیاسی جماعتوں میں تعاون مستقبل کی صورت گری میں نہایت اہم ہے، دنیا کو آج سب سے بڑھ کر تعاون کی راہ اپنانے کی ضرورت ہے۔