میانوالی میں ایئر فورس بیس پردہشتگردوں کا حملہ ناکام، کومبنگ آپریشن میں تمام9 دہشت گرد واصل جہنم

راولپنڈی،میانوالی(آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے پاک فضائیہ کے ٹریننگ ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہفتہ کی صبح پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر ایک ناکام دہشت گرد حملہ ہوا جسے الحمدللہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جواب کی بدولت ناکام بنا دیا گیا، اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔غیر معمولی جراء ت اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کے دوران تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تاہم حملے کے دوران پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو بھی کچھ نقصان پہنچا، علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے ایک جامع مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔صدر مملکت نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صدر عارف علوی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔اس کے علاوہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ائیر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب اپنے ایک ٹوئٹ میں نگران وزیراعظم نے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،پاک فضائیہ نے میانوالی میں دہشتگردی کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنایا ہے اور ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ہماری قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کوشش کا کا ڈٹ کر ہر صورت میں مقابلہ کیاانہوں نے کہا کہ قوم افواج پاکستان کی ہمت اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔۔نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈی آئی خان، پسنی اور میانوالی میں حملہ آور دہشت گردوں کے نام الگ ضرور ہونگے لیکن پس پردہ دشمن ایک ہی ہے۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کو دوبارہ بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔ تمام سول اور ملٹری ادارے یک جان ہو کر خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع کریں گے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا رہی ہیں، سیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔