اسلام آباد(آن لائن)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدر آمد کرائیں گے،الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی،مشاورت ضرور ہوئی لیکن انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن نے ہی دی،غیر قانونی تارکین افغان باشندے واپس اپنے وطن جا کر ویز ہ لے کر آسکتے ہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کسی جماعت کو جلسوں سے نہیں روکا،قانون کے دائرے میں رہنا ہو گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا غیر قانونی تارکین افغان باشندے واپس اپنے وطن جا کر ویز ہ لے کر آسکتے ہیں۔غیر قانونی مقیم افراد کو نکالنے کا مقصد ان کو ریگولیٹ کرنا ہے۔حکومت کسی غیر ملکی باشندے کے کاروبار پر قبضہ نہیں کرے گی۔تارکین وطن کی واپسی پر جو آج برابھلا کہہ رہے ہیں کل تعریف کریں گے۔نگران وزیر اعظم نے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ پریس کانفرنس کرنے کے بعد لوگوں کے 9مئی واقعات کے کیسز ختم ہو گئے۔کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو مذمت کے باوجود کیسز بھگت رہے ہیں۔تفتیش کیلئے حراست اور زبردستی گمشدگی میں بہت فرق ہے۔آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ سیکیورٹی ادارے پوچھ گچھ نہیں کر سکتے۔تفتیش کیلئے جن لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے انہیں مسنگ پرسن نہ کہیں۔ایک اور سوال پر انوارالحق کاکڑ کا کہناتھا چیئرمین کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے۔ذکاء اشرف کے مستقبل کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے۔ذکاء اشرف کی بطور سربراہ مینجمنٹ کمیٹی مدت ہفتے کے روز ختم ہو رہی ہے۔سابق کرکٹر شاہد آفریدی سے ملاقات سماجی حیثیت سے تھی۔
Load/Hide Comments



