تحریک انصاف سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا،، بلاول بھٹو

کراچی(آ ن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی سمیت سب سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت میں شامل ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، 8 فروری کو الیکشن ہوگا، پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی، بہتر ہوتا کہ الیکشن کیلئے سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنی پڑتی، پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلد نہیں ملی، اس لیے امید نہیں رکھتے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔تارکین وطن کی بیدخلی سے متعلق پو چھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی غیر قانونی کام کی حمایت نہیں کر سکتی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس وقت فلسطینیوں کی نسل کشی کو سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں، دنیا کے حکمران خاموش ضرور ہیں مگر عوام خاموش نہیں ہیں۔ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق سابق صدر پیپلز پارٹی ضلع وسطی سہیل انصاری کی رہائش گاہ پر بھی بلاول بھٹو کی آمد ہوئی، پی پی چیئرمین نے سہیل انصاری کے انتقال پر ان کی بیٹیوں سے تعزیت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سہیل انصاری کی بیوہ ناصرہ سہیل کیلئے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سہیل انصاری نے آمرانہ دور کی سختیاں برداشت کیں۔انہوں نے کہا کہ سہیل انصاری نے بھٹو ازم کا پرچم آخری سانس تک تھامے رکھا، پیپلز پارٹی کے کارکنوں کیلئے ان کی جدوجہد مثالی ہے، جمہوریت اور آئین کی بالا دستی کیلئے ان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔پی پی چیئرمین نے جے ڈی سی کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ظفر عباس نے ہمارے ساتھ اچھا کام کیا، معاشی بحران کے دوران لوگوں کو سہولت فراہم کی گئی، حکومت اگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے تو زیادہ فائدہ ہوگا.