لیول پلیئنگ فیلڈ تمام جماعتوں کو ملنی چاہئے،ایازصادق

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان سے نکلنے والے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کا ہے اور اس کے بعد پاکستان کا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ سب پارٹیوں کو ملنی چاہئے تاکہ صاف اور شفاف انتخابی عمل کے بعد منتخب ہونے والی حکومت پاکستان اور بلوچستان کے مسائل کے حل کو یقینی بناتے ہوئے گڈ گورننس کو قائم رکھ سکیں اور کرپشن‘ سمگلنگ کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرکے بلوچستان کے وسائل سے عوام کی تقدیر کو بدلا جاسکے محب وطن عوامی نمائندوں سے ہی بہتری لائی جاسکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سراوان ہاؤس میں سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل‘ جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، نعیم کریم چوہدری، چوہدری شبیر احمد، میر ظفر قمبرانی، ملک ابرار احمد‘ نسیم الرحمان ملا خیل‘ نصیر احمد اچکزئی‘ ملک ظاہر کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے سردار ایاز صادق نے کہاکہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف، مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور کوارڈینیٹر مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کے لئے دعوت دینے آیا ہوں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف کا سیاسی تعلق کے علاوہ گزشتہ 50 سال سے زائد عرصے سے ان کے ساتھ خاندانی تعلق ہے جس پر انہوں نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں اپنے عزیز و اقارب، دوستوں، بہی خواہوں اور ساتھیوں سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے.