اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاہے کہ پاکستان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے اپنا دباؤ استعمال کرے اور فلسطین کے آزاد و خودمختار مملکت کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔بدھ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ فلسطین کا مسئلہ نیا مسئلہ نہیں ہے جس طرح کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے اسی طرح فلسطین کا مسئلہ ہے اور دونوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے انہوں نے کہاکہ فلسطین کی حمایت نہ صرف ہمارا مذہبی بلکہ قومی فریضہ ہے اس وقت فلسطین کے عوام اسرائیلی ظلم و استبداد کا شکار ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور معصوم فلسطینیوں کی بھرپور مدد کا اعادہ کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ کئی عشروں سے ہے جبکہ غزہ پر گذشتہ 17سالوں سے اسرائیل کا قبضہ ہے انہوں نے کہاکہ غزہ پر وحشیانہ بمباری کی پوری دنیا میں نظیر نہیں ملتی ہے غزہ میں ایک قبرستان کا نمونہ بن چکا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق 8ہزار 500فلسطینی شہید جن میں 3ہزار سے زائد بچے ہیں وہاں پر 1لاکھ 80ہزار مکانات جبکہ 22 ہزار سکولوں کو تباہ کیا جاچکا ہے اس وقت تک ہسپتالوں اور کلینکس پر 35سے زائد حملے ہوچکے ہیں یہ صورتحال نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کیلئے باعث تشویش ہے انہوں نے کہاکہ کل اسرائیل نے ایک اور حملہ کیا ہے جس سے سینکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں اسی طرح یروشلم اور ویسٹ بنک میں حملے جاری ہیں انہوں نے کہاکہ شہادتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے پاکستان نے اس مسئلے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہمارے وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر سے بات کی اسی طرح او آئی سی کی سطح پر دیگر اسلامی ممالک کے وزرا خارجہ کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ انہیں کوششوں کے نتیجے میں او آئی سی کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا گیا جس میں تمام ممالک کے وزرا نے شرکت کی اس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور وہاں پر جلد از جلد انسانی امداد شروع کی جائے اور تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے اور دونوں ممالک کے مابین آمن کے قیام کیلئے بات چیت شروع کی جائے انہوں نے کہاکہ اسرائیل نے گذشتہ تین چار ہفتوں سے جو ظلم و بربریت کی مثال قائم کی ہے اس نے عالم قوانین کی کھل کر خلاف ورزی کی ہے انہوں نے کہاکہ 1967میں اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اسرائیل کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا اسی طرح مذید کئی قرارداد منظور کی گئیں مگر ان تمام قراردادوں پر اسرائیل نے کوئی پاسداری نہیں کی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پالیسی کے نکات یہ ہیں کہ سرائیل فوری طور پر قابض علاقوں سے انحلا کرے اور فلسطینیوں کیلئے ایک آزاد اور خود مختار حکومت کا قیام عمل میں لائے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آواز فلسطین کے عوام کیلئے روشنی،آزادی اور آمن کا پیش خیمہ ثابت ہو اور اس امید کے ساتھ کہ انصاف ظلم و جبر پر حاوی ہو اور اس امید کے ساتھ کہ عالمی ضمیر تنگ نظر مفادات کو شکست دیکر حق و انصاف کے ساتھ کھڑی ہوانہوں نے کہاکہ اس ایوان،حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطین کے عوام کو یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
Load/Hide Comments



