اسلام آباد(آ ن لائن)ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے منصوبہ کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہوتاہے،اپنے ایک بیان میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم نے یو این ایچ سی آر کا میڈیا کو دیا گیا بیان دیکھا ہے،غیر ملکیوں کے انخلا کے منصوبے میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا، یہ فیصلہ پاکستان کے خودمختار قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے، پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے، حکومت پاکستان ان خراب صورتحال کے شکار افراد کی سکیورٹی اور تحفظ کے عزم کا پورا ارادہ رکھتی ہے،ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا چالیس سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی اسکا جیتا جاگتا ثبوت ہے، بین الاقوامی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتحال کو تحفظ فراہم کرنے اور حل کرنے اور پائیدار حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرے پاکستان اس حوالے سے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔
Load/Hide Comments



