مسلم لیگ (ن) عام انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی، احسن اقبال

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ء و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی، نواز شریف کو 2017ء میں سازش کے ذریعے اقتدار سے نکالا گیا، اس کے بعد 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی لیکن اب مسلم لیگ ن عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہئیں تاکہ ملک میں معاشی استحکام آئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں ورکرزز کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بننے کی کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کر کے رکھ دیتی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہم سے بڑا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن میں پاکستان کی عوام سپریم کورٹ ہوتی ہے جس کی عدالت میں ہر جماعت کا امیدوار پیش ہو کر اپنا مقدمہ سناتا ہے، 2018 میں ایک مثال دی تھی ہر جلسہ میں سوال کیا تھا کہ آپ میں کون اپنے موٹر سائیکل کی چابی کسی ایسے بندے کو دے گا جس نے موٹر سائیکل نہ چلائی ہو؟ اناڑی کو موٹر سائیکل دیں گے تو وہ اپنا سر بھی پھاڑے گا اور موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ اناڑی نے پاکستان کو قرضوں میں ڈبو دیا، پچھلے سال اپریل میں شرط لگنا شروع ہو گئی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر آئی ایم ایف کے پاس گئے، آج کوئی نہیں کہہ رہا پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، 2013 میں دہشت گردی تھی تو نواز شریف نے امن کا وعدہ کیا، 2018 تک دہشت گردی کمر توڑ کر امن بحال کیا، نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے، آج نواز شریف کا وعدہ ہے قوم نے دوبارہ موقع دیا تو مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا۔