بھارت ریاستی قوت کے ذریعے ان کے عزم وارادے کو پامال نہیں کرسکتا، بیرسٹر مرتضی وہاب

کراچی(آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کشمیر کے یوم سیاہ پر اپنے ایک بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر کو کشمیر کا یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام پر بھارت کے ظلم و بربریت کی جانب اقوام عالم کی توجہ مبذول کرانا ہے،بھارت کے بدترین مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ جرأت، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ بھارت ریاستی قوت کے ذریعے ان کے عزم وارادے کو پامال نہیں کرسکتا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کو جموں کشمیر کے متنازعہ علاقے کے اسٹیٹس کو تبدیل کرکے ایک اور غاصبانہ اقدام کیا جسے کشمیری عوام نے مستردکردیا ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کرکے مقبوضہ وادی کو دنیا کے سب سے بڑے جیل میں تبدیل کردیا ہے، صورتحال ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ بدتر ہوتی جا رہی ہے لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ اس اہم ترین مسئلے پر توجہ دی جائے جس کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا کے خطے پر خطرات کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔