پی ایس او کا واجبات کی ادائیگی تک تیل فراہم کرنے سے انکار،وزارت خزانہ کا پی آئی اے کو بیل آؤٹ پیکج دینے سے انکار

اسلام آباد(آن لائن) ایندھن کی عدم فراہمی کے معاملے کے پیش نظرقومی ائیر لائن پی آئی آئے کا بحران شدت اختیار کرگیا جبکہ پی ایس او نے واجبات کی ادائیگی تک تیل فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کی زیر صدارت پی آئی اے سے متعلق اجلاس بھی بے نتیجہ رہا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ نے پی آئی اے کو بیل آؤٹ پیکج دینے سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پی آئی اے پہلے پی ایس او اور بنکوں سے اپنے معاملات درست کرے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت قومی ائیر لائن کی نج کاری بارے بھی واضح فیصلہ نہیں کر سکی جبکہ موجودہ بھاری خسارے اورتنازعات کے باعث کوئی اسے نہیں خریدے گا۔۔ وزیر نج کاری فواد حسن فواد نے مسئلے کا آؤٹ آف باکس حل تلاش کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے تیزی سے بندش کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پی آئی اے کی تنظیم اور تشکیل نو کو بھی ناقابل عمل قرار دے دیا گیا ہے،آاپریشن بند ہونے کی صورت میں کئی نجی ائیر لائینز پی آئی اے کی جگہ سنبھالنے کو تیار ہیں۔