جاتی امراء(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن نے پی ڈی ایم جماعتوں سے دوبارہ رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔تفصیل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وطن واپسی کے بعد ملاقاتوں اور سیاسی سر گرمیوں کا آغاز کر دیا۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے وطن واپسی کے بعد پہلے روز جاتی امراء میں شریف خاندان کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں پارٹی قائد نوازشریف، صدرشہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے، نشست میں نوازشریف کی وطن واپسی پر ملکی سیاسی پس منظر، ملکی معاشی و سیاسی صورتحال اور مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی لیڈرشپ سے ملاقات اور ٹیلی فونک رابطوں کا فیصلہ ہوا ہے، سابق وزیراعظم شہبازشریف کی تجویز کے بعد نوازشریف اگلے دو روز میں سیاسی رابطوں کا آغاز کریں گے، نوازشریف آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، عطا اللہ مینگل، بلاول بھٹو زرداری سمیت مختلف رہنماؤں سے خود رابطے کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے پایا ہے کہ نوازشریف پہلے قانونی معاملات پر فوکس کریں گے، نوازشریف پی ڈی ایم کی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے۔ ملاقات میں یہ فیصلہ بھی ہوا ہے کہ ن لیگ پیپلز پارٹی سے محاذ آرائی کی پالیسی اختیار نہیں کرے گی، ملاقات میں پارٹی رہنماؤں کو پیپلزپارٹی کی لیول پلیئنگ فیلڈ اور نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے سیاسی محاذ آرائی سے گریز کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ، ملاقات میں نوازشریف کے کیس سمیت عدالتی اموراور 24 تاریخ کو عدالتی کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی کارروائی بارے پارٹی قائد اور رہنماؤں کو بریفنگ دی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے وکلاء تحریک چلائی، ہمیشہ قانون کا احترام کیا، مجھ سمیت مریم نواز، شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے بے بنیاد کیسز کا سامنا کیا، پارٹی کے تمام لوگ جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوئے، میں عوام کیلئے آیا ہوں، دعا ہے عام آدمی خوشحال ہو۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے مینار پاکستان جلسے پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارٹی ترانے پر شاباش دی۔ علاوہ ازیں نواز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام احمد بلور نے ملاقات کر کے وطن واپسی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا.
Load/Hide Comments



