عدالت نے اسحاق ڈار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری کر دیا

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنماء اسحاق ڈار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری کر دیا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس کا کیس کا فیصلہ سنا دیا، جس میں سابق وزیر خزانہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری کردیا گیا، اس حوالے سے نیب پراسکیوٹر نے عدالت میں تحریری جواب جمع کروایا اور بتایا کہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں اس لیے کیس کو آگے نہیں چلانا چاہتے۔ نیب پراسکیوٹر افضل قریشی نے تحریری جواب میں مزید کہا کہ اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزمان کی بریت پر اعتراض نہیں، ہم نے میرٹ پر دلائل دیے ہیں، عدالت فیصلہ سنا دے جس کے بعد احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو آمدن سے زائد کیس میں بری کردیا.