سائفرکیس میں عمران خان کے خلاف چارج شیٹ منظرعام پر آگئی

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفرکیس میں لگی چارج شیٹ منظرعام پر آگئی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چارج شیٹ آج چیئرمین پی ٹی آئی کو پڑھ کر سنائی۔چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم غیرقانونی سائفر اپنے پاس رکھا، سیکرٹ دستاویز کو غلط طریقے سے استعمال کیا، سائفر پاکستان اور امریکہ کے درمیان انتہائی خفیہ دستاویز تھی لیکن سیکرٹ دستاویز کو ممنوع مقام جلسے میں غلط طریقہ کار سے استعمال کیا، سائفر کی خفیہ معلومات کو غیر ضروری افراد تک پہنچایا، ریاست کے مفاد کے خلاف معلومات اگے استعمال کرنے کے مجاز نہیں تھے۔ج نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ نے اعتماد کرتے ہوئے سائفر آپ کو فراہم کیا، آپ نے سائفر اپنے پاس رکھتے ہوئے سیاسی مقاصد لیے استعمال کیا، آپ نے اس عمل سے سائفر اور ملک کے سکیورٹی سسٹم پر کمپرومائز کیا، آپ کے اس عمل سے ریاستِ پاکستان کی سیفٹی متاثر ہوئی، 28 مارچ 2022ء بنی گالا اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے ہمراہ آپ نے سائفر کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی، آپ نے بدنیتی کی بنیاد پر سائفر اپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزارتِ خارجہ کی طرف سے سائفر آپ کو بھیجا گیا، آپ نے پاس رکھا اور واپس نہیں بھیجا، غیرمجاز ہونے کے باوجود سائفر غیرقانونی طور پر سائفر اپنے پاس رکھا، سائفر سکیورٹی اور ملک کے سیکرٹ سکیورٹی سسٹم کو آپ نے کمپرومائز کیا، بیرون ملک پاکستان کے سکیورٹی سسٹم کو کمپرومائز کیا گیا، اپ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5 اور 9 کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔