نوازشریف نے نوجوان کے ہاتھ میں پٹرول دینے کی بجائے انہیں روزگار دینے کی بات کی،مریم اورنگزیب کی میڈیا سے بات چیت
لاہور (آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز گفتگو کیس میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت 11نومبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے مقدمہ میں بریت کی درخواست دائر کردی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو سے متعلق کوئی کردار نہیں ہے، ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو کی ذمہ دار میں نہیں ہوں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست منظور کرکے بری کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت 11نومبر تک ملتوی کردی۔مریم اورنگزیب کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔بعد ازاں مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو یقین ہے کہ پاکستان کومشکلات سے نوازشریف ہی نکال سکتے ہیں،2017ء میں ایک شخص کو نکالنے کی خاطر ملک سے خوشحالی و ترقی نکال دی گئی، تمام چیزیں عوام جانتے ہیں، نوازشریف نے نوجوان کے ہاتھ میں پٹرول دینے کی بجائے انہیں روزگار دینے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ تین مرتبہ کے وزیر اعظم نواز شریف کا عظیم الشان استقبال کیا، اتنے زیادہ لوگ تھے، اتنی زیادہ پولیٹکل موبلائزیشن پاکستانی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی، یہ میں نہیں کہہ رہی بلکہ یہ سیاسی تجزیہ نگار کہہ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگ گھنٹوں کا سفر طے کرکے اپنے قائد کا استقبال کرنے مینار پاکستان پہنچے، عوام کو یقین ہے پاکستان کومشکلات میں سے نوازشریف ہی نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ایک شخص کو نکالنے کی خاطر ملک سے خوشحالی و ترقی نکال دی گئی، تمام چیزیں عوام جانتے ہیں، آج بھی عوام کی امید نوازشریف ہیں، آج نوجوان کو روزگار کی ضرورت ہے، نوازشریف نے نوجوان کے ہاتھ میں پٹرول بم دینے کی بات نہیں کی، قائد مسلم لیگ ن نے نوجوان کو روزگار دینے کی بات کی ہے۔
Load/Hide Comments



