کوئی جادو کی چھڑی نہیں،معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے:اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام نے موقع دیا تو پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے، معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، کوئی جادو کی چھڑی نہیں جو گھماتے ہی پوری معیشت ٹھیک ہو جاتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہ پانامہ ایک ڈرامہ تھا، ایک بندے کو ملک پر مسلط کرنا تھا وہ کر دیا گیا اور 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت بنا کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔ انہو ں نے کہا اگر عوام نے ن لیگ کو دوبارہ منتخب کیا تو ہمارا معاشی پلان وہی ہوگا جو ماضی میں تھا، ہمارے 16 ماہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے تھے، پچھلی حکومت ایک سو منزلہ عمارت میں آگ لگا گئی تھی، وہ آگ 98 ویں منزل تک پہنچ چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز تو پہلے ہی بری ہوچکی ہیں، نوازشریف کے کیس کے بھی اب تمام شواہد آچکے ہیں، نوازشریف کے خلاف جھوٹے مقدمات تھے، انشاء اللہ وہ بھی سرخرو ہوں گے،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ن لیگ کا مشن ہے۔