اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور چین نے فلسطین، اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور تشدد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے عالمی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لئے انسداد دہشت گردی تعاون اور باہمی عوامی تبادلوں اور سہولت کاری کی سطح کو مزید بڑھانے کے لئے کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے دورہ چین کے اختتام پر جمعہ دفتر خارجہ سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ مشرق وسطی تنازعہ سے نکلنے کا بنیادی راستہ“دو ریاستی حل اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام”میں مضمر ہے۔ مشترکہ بیان میں مخاصمت بند کرنے، شہریوں کے تحفظ اور غزہ میں مزید انسانی تباہی سے بچنے کے لیے ہرممکن کوشش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مشترکہ بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لئے 16 سے 20 اکتوبر 2023 تک چین کا دورہ کیا جس کے دوران دونوں فریقوں نے 20 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جن میں بی آر آئی، بنیادی ڈھانچے، کان کنی، صنعت، ماحول دوست ترقی، صحت، خلائی تعاون، ڈیجیٹل معیشت، ترقیاتی تعاون اور چین کو زرعی مصنوعات کی برآمدات کے معاہدے و سمجھوتے شامل ہیں۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور تشدد میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری طور پر جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ اور غزہ میں اس سے بھی بدتر انسانی تباہی کو روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش کا مطالبہ کیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازعہ سے نکلنے کا بنیادی راستہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد اور فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے، فلسطین کے مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی جلد بحالی میں سہولت فراہم کرنے اور پائیدار امن لانے کا راستہ تلاش کیا جائے۔فریقین نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی نظام کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ محور اور بین الاقوامی قانون پر مبنی بین الاقوامی نظام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر مبنی بین الاقوامی تعلقات کو چلانے والے بنیادی اصول شامل ہیں۔ دونوں فریق بین الاقوامی برادری کے اتحاد اور تعاون کے حامی ہیں، بالادستی اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرتے ہیں، حقیقی کثیر الجہتی کی پاسداری کرتے ہیں، اور امن، ترقی، مساوات، انصاف، جمہوریت اور آزادی کی انسانیت کی مشترکہ اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔مشترکہ بیان کے مطابق۔ فریقین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات میں باہمی اعتماد بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین اور پاکستان ہر آزمائش پر پورا اترنے والے سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر اور آئرن برادرز ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی آزمودہ اور اٹوٹ ہے۔ چینی وفد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات اس کے خارجہ تعلقات میں ترجیح ہیں۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات اس کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔
Load/Hide Comments



