نگراں وزیراعظم کا فلسطینی صدر سے رابطہ، پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی

اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور غزہ کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان سے جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیرِ اعظم نے اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم و نہتے فلسطینیوں پر غزہ اور مغربی کنارے میں ڈھائے جانے والے حالیہ مظالم کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو کیلئے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔وزیرِ اعظم نے اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلسل، بلاتفریق اور بدترین بمباری بالخصوص الاہلی ہسپتال پر بمباری کی بھرپور الفاظ میں مزمت کی۔ وزیرِ اعظم نے اسرائیل کی بمباری اور جارحیت کو دانستہ اور قابل نفرت قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی برادری کو فوری طور پر اسرائیل کے اس قتل عام کو روکنے میں اپنا مؤثر قرار ادا کرنا چاہیے۔ نگراں وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان نے بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے امداد کی پہلی کھیپ روانہ کی جو گزشتہ روز مصر پہنچ چکی ہے۔وزیرِ اعظم نے فلسطین کے تنازعے کے منصافانہ اور پائیدار حل کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔