لاہور (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میں صرف نوازشریف اہل قرار پائے ہیں، مہنگائی سے نجات دلانے میں نوازشریف کے سوا سب نااہل ثابت ہوئے، نوازشریف آرہا ہے، مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لارہا ہے، مہنگائی کو ایک ہی شخص نے ختم کیا، وہ ہے نوازشریف۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ مریم نواز شریف نے یونین کونسلوں کے نمائندوں، کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت کی۔ ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم تھا تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، نوازشریف گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا، عوام جان چکے ہیں، نوازشریف وزیراعظم ہوگا تو ملک چلے گا، اْن کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانا نواز شریف کا ایجنڈا ہے۔ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہسیاسی استحکام کے لئے عوام نوازشریف کا ساتھ دیں، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی ترقی ہوگی، پوری قوم کو نوازشریف ہی متحد کرسکتا ہے، نوازشریف کے دِل میں نفرت نہیں، عوام کی محبت ہے، غریبوں کا ساتھی غریبوں کی مدد کرنے واپس آرہا ہے۔ مریم نوازشریف نے کارکنوں اور رہنماؤں کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر کارکنوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کا شاندار استقبال کرکے ایک نئی تاریخ بنائیں گے، قوم کے اعتماد پرہمیشہ نوازشریف پورا اترا ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے پرجوش نعرے بھی لگائے۔ ملاقات میں سابق رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال اور سابق ارکان صوبائی اسمبلی ملک اسد کھوکھر، اختر بادشاہ اور میاں عمران جاوید بھی ملاقات میں شریک ہوئے.
Load/Hide Comments



