کراچی، دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے نیچی آ رہی ہے،شرجیل انعام میمن

کراچی(آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے نیچی آ رہی ہے اور اس وقت سندھ کے تینوں بیراجوں پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 147600 کیوسک ہے جبکہ اخراج 135900 کیوسک ہے۔ سکھر بیراج پر پانی کیآمد 150700 کیوسک اور اخراج 147000 کیوسک ہے۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 294500 کیوسک اور اخراج 286500 کیوسک ہے۔ صوبائی وزیر نے اپنے جاری پریس بیان میں کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے واقعات میں 692 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔جبکہ اب تک موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 246,406 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر 1750707 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 703986 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا 3557711 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق 10802252 آبادی متاثر ہوئی ہے، جس میں 2017579 خاندان شامل ہیں۔ 6891457 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت سمیت پاکستان آرمی، نیوی، ایئر فورس، عالمی امدادی ادارے اور این جی اوز ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ مجموعی طور پر متاثرین میں 256248 خیمے، 244867 ترپال، 1980856 مچھر دانیاں، 15430 مویشی مچھر دانیاں، 31198 کچن سیٹس اور دیگر سامان تقسیم کیا ہے۔ 650074 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کئے گئے ہیں۔ شرجیل میمن انعام میمن نے کہا کہ محکمہ آبپاشی، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پاک افواج کی تکنیکی مدد سے متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی پر بھرپور کام کر رہا ہے۔ تمام فیصلے آبپاشی انجنیئرز کی مشاورت سے ہو رہے ہیں۔ کسی کی منشا پر کٹ نہیں لگائے جا سکتے۔ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ زمینوں سے جلد از جلد پانی نکل جائے تاکہ آئندہ فصل کے لیے کاشتکار اپنی زمین تیار کر سکیں.