سمر قند(آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے مابین مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی تعلقات قائم ہیں،پاکستان مختلف شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے،پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا اہم کردار ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے موقع پر روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر وی پیوٹن سے پرتپاک اور خوشگوار ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی آفت کے تباہ کن اثرات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا جو مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ فوڈ سیکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیکیورٹی سمیت باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جاسکے۔ ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کا اگلا اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔افغانستان میں روس کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا اہم کردار ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان پر عالمی براداری کے کردار کی رفتار کو مزید تیز کر نے کی ضرورت ہے اور افغانستان میں استحکام کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
Load/Hide Comments



