ٹیکس چور اور منی لانڈرنگ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے،ایف بی آر

اسلام آباد(آن لائن) ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کے معاملے پر ایف بی آر کے حق میں فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیکس چور اور منی لانڈرنگ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ہیں۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق ریجنل ڈائریکٹوریٹس لاہور، فیصل آباد اور ملتان نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت ٹیکس چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کیا تھاجس پر پٹیشنرز نے عدالت سے رجوع کیا تاہم عدالت نے پیٹیشنرز کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹوریٹس کی طرف سے جاری سمنز اور نوٹسز کے خلاف پیٹیشنز کو بھی خارج کر دیا ترجمان کے مطابق عدالت نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشنز کے اجراء اور انٹیلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریوینیو کے ایس او پیز کو برقرار رکھا ہے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ اینٹی منی لانڈرنگ رجیم اور ایف بی آر کی ایک تاریخی کامیابی ہے پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ رجیم نہ صرف پائیدار ہے بلکہ منی لانڈرنگ کی لعنت کو روکنے میں بھی موثر ہے ترجمان کے مطابق ٹیکس چور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت قانونی کاروائی سے نہیں بچ سکتے ہیں.