صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کی نکاسی میں 3 سے 6 ماہ کا عرصہ لگے گا،مراد علی شاہ

کراچی(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کی نکاسی میں 3 سے 6 ماہ کا عرصہ لگے گا۔مون سون کی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے 14 جون سے 9 ستمبر کے درمیان ملک بھر میں ایک ہزار 396 افراد جاں بحق اور 12ہزار 728 زخمی ہوئے جب کہ 3 کروڑ سے زیادہ شہری بے گھر ہوئے ہیں۔تباہ کن سیلاب کے دوران سندھ اب تک سب سے زیادہ متاثرہونے والا صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئیں اور سب سے زیادہ شہری زخمی ہوئے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 396 اموات میں سے سندھ میں مجموعی طور پر 578 شہری جاں بحق ہوئے، اسی طرح صوبے میں زخمیوں کی تعداد 8ہزار 321 ہے جب کہ ملک بھر میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 12ہزار 728 ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبے کی موجودہ صورتحال اور تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو ایک ہونا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بھی دنیا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس قدرتی ا?فت اور موسمیاتی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ لاکھوں ایکڑ زرخیز زمین بھی سیلاب کی زد میں آ چکی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کسانوں کو تقریباً 3 ارب 50 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے جب کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو 50 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ علاقوں میں، کم از کم 8 سے10 فٹ پانی ہے، جن علاقوں میں سیلابی پانی اتر چکا ہے وہاں بھی ایسی صورتحال نہیں ہے کہ لوگ اپنے گھروں کو واپس جاسکیں، پاکستان میں اس سال غیر معمولی بد ترین بارشیں ہوئی ہیں۔