ہماری حکومت میں سْکھ ہی سْکھ ہیں،دکھ کوئی نہیں ہوگا:چودھری پرویزالٰہی

ہماری حکومت میں سْکھ ہی سْکھ ہیں،دکھ کوئی نہیں ہوگا،فلاح کے کاموں میں پنجاب گورنمنٹ سب سے آگے ہوگی:چودھری پرویزالٰہی
لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہاہے کہ ہماری حکومت میں سْکھ ہی سْکھ ہیں،دکھ کوئی نہیں ہوگا۔ہر روزسوچتا ہو ں کہ آج مخلوق خدا کی خدمت کے لئے کونسا اچھا کام کروں۔عوام کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے کاموں میں پنجاب گورنمنٹ سب سے آگے ہو گی۔ 90 شاہراہ قائد اعظم پر لاہور پریس کلب کے عہدیداروں او رارکان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ڈونیشن اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے۔شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بازؤ سے پکڑ کر با ربار فنڈز کے صحیح استعمال کایقین کیوں دلا رہے تھے۔شہبازشریف کو مانگنے کا طریقہ آتا ہے،جس احسن طریقے سے شہبازشریف مانگ سکتے ہیں اس طرح کوئی اور نہیں کرسکتا۔شہباز شریف او رمفتاح اسماعیل سے کیا توقع ہوسکتی ہے، ہم سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویل دے رہے ہیں۔ پاکستانی نڑاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید بھی میرے کہنے پر سیلاب متاثرین کو سولر پمپس کی فراہمی میں معاونت کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بتایاکہ سیلاب کے دوران جاں بحق ا فراد کے لواحقین کو امداد بڑھا کر 10لاکھ روپے کر دی ہے۔سیلاب میں پختہ گھر تباہ ہونے پر 4لاکھ او رکچا گھر گرنے پر 2لاکھ روپے مالی امداد دیں گے۔سیلاب میں بہہ جانے والے جانوروں کے مالکان کو 75ہزار روپے دیں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ سیلاب زدگان کے لئے ٹیلی تھون میں اڑھائی ارب روپے سے زائد جمع کئے گئے۔ امدادی پیکیج کے لئے شفافیت یقینی بنائیں گے، آڈٹ بھی ہوگا، گھپلے کرنے والوں کو سزا ملے گی۔ سیلاب میں بے گھر افراد کو خوراک میں 40فیصد سبسڈی دیں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فلڈ میں صحافیوں نے مسائل سامنے لانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔صحافی بھائیوں کا کام مشکل ہے، ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں.