اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کی اپنی کابینہ کے چار ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ 19 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور اسی شام ان کی پاکستان واپسی متوقع ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر برائے نشریات و اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ہوں گی۔ وفد میں سیکریٹری خارجہ اور وزارت خارجہ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک پہنچنے کے ایک روز بعد 20 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔اسی روز وہ تعلیمی اصلاحات پر ایک سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ تعلیم پر وبائی امراض کے منفی اثرات سے کیسے نمٹا جائے۔علاوہ ازیں وزیراعظم غذائی عدم تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مزید دو اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
Load/Hide Comments



