آج پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، کل یہ کہیں اور بھی ہو سکتا ہے،انتونیوگوٹیرس

نیو یارک(آن لائن)اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کہا کہ سیلاب زدہ پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان جارہا ہوں،دورے کا مقصدمشکل گھڑی میں عالمی برادری سے پاکستان کیلئے بھر پور تعاون کی اپیل کرنا ہے۔پاکستان روانگی سے قبل نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ یوکرین جنگ پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے لیکن لوگ بھول جاتے ہیں کہ ایک اور جنگ بھی ہے، یہ جنگ ہم فطرت کے خلاف لڑ رہے ہیں اور فطرت ہم پر حملہ آور ہے، موسمیاتی تبدیلیاں ہمارے سیارے کی تباہی کو اور زیادہ بڑھا رہی ہے،ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان، چاڈ، اور مشرقیافریقہ، جہاں موسمیاتی تغیر خشک سالی، زائد بارشوں، قحط کا باعث بن رہی ہے،یہ تبدیلیاں ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں، آج پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، کل یہ کہیں اور بھی ہو سکتا ہے،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہو گا، یہ ہمارے وقت کا ایک اہم مسئلہ ہے،موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے معمول کے مطابق سوچنا خالص خودکشی ہوگی۔