حکمران اپنے بھاری اثاثوں میں سے سیلاب زدگان کے لیے رقم دیں، جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا کام ہے، سراج الحق

کراچی(آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اپنے بھاری اثاثوں میں سے سیلاب زدگان کے لیے رقم دیں، جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا کام ہے، حکومت جلسے جلوس اور سیاست کرنے کے بجائے متاثرین کی مدد کرے، مرکز میں نواز لیگ، سندھ میں پیپلز پارٹی اور کے پی کے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، سرکاری وسائل واختیارات ان کے پاس ہیں، بیرونی امداد بھی آرہی ہے لیکن ساری حکومتیں اور حکمران پارٹیاں سیاست میں لگی ہوئی ہیں اور متاثرین کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔ سیلاب کا زہریلا پانی انتہائی نقصان دہ ہے، متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت،بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پوری قوم جاگ رہی ہے لیکن حکومت سو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بیرونی امداد کو سیاست کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے بجائے تحصیل اور ضلع کی سطح پر مشترکہ کمیٹیاں بنائی جائیں جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شریک کیا جائے۔ 2005کے زلزلے اور 2010کے سیلاب کے نازک موقع پر بھی حکمرانوں نے کرپشن اور نا اہلی کا مظاہرہ کیا۔ خدارا اب ایسا ہر گز نہ کیا جائے، بے گھر ہونے والوں کو ان کے گھروں میں بسانے کے اقدامات کیے جائیں۔ 2010میں سیلاب کے بعد بننے والے کمیشن کی رپورٹ اور سفارشات پر بھی عمل نہیں کیا گیا اگر اس پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج صورتحال اتنی سنگین نہ ہوتی۔ الخدمت کے 16ہزار رضا کار مستقل طور پر ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں جبکہ 35ہزار رضا کارالخدمت ریلیف آپریشن میں شریک رہے ہیں۔ کراچی میں 150امدادی کیمپ سمیت ملک بھر میں تقریباً 4ہزار کیمپ کام کر رہے ہیں۔ الخدمت رضا کاروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔