چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد علاقائی اور عالمی مسائل پر ہم آہنگی پر مبنی ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے جس کی بنیاد علاقائی اور عالمی مسائل پر ہم آہنگی پر مبنی ہے۔تفصیل کے مطابق چین کے وفد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے منگل کو ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔وزیر دفاع نے موجودہ دوطرفہ میکانزم جیسے اسٹریٹجک ڈائیلاگ، قونصلر مشاورت اور انسداد دہشت گردی سے متعلق مشاورت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان علاقائی اور عالمی فورمز پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین کی سفارتی اور مادی حمایت کو سراہتا ہے۔خواجہ محمد ا?صف نے کہا کہ پاک چین سیکیورٹی تعاون علاقائی استحکام کا ستون ہے۔سی پیک میں خطرات کے باوجودسیکیورٹی/انٹیلی جنس شیئرنگ میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے دفاعی شعبے میں پاک چین تعاون ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاک بحریہ نے گوادر بندرگاہ اور پاکستان کے ساحل کے ساتھ سی پیک کے تمام منصوبوں کی میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کو اولین ترجیح دی ہے۔اس لیے دونوں ممالک کے لیے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے میں بہت وسعت موجود ہے۔