قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کے ساتھ ہموار ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے، قطر کے ساتھہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کے ساتھ ہموار ہیں، تفصیل کے مطابق قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ قطر ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے اور اس کا خطے میں کلیدی کردار ہے۔ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کے ساتھ ہموار ہیں۔ وزیردفاع نے کہا کہ ہمیں اپنے تعاون کو اقتصادی دائرہ کار سے بڑھا کر دفاع، فوجی مشقوں، افراد کی تربیت اور مشترکہ منصوبوں تک وسعت دے کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے عسکری ادارے قطری مسلح افواج کے لیے زیادہ سے زیادہ تربیتی سہولیات حاصل کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔وزیر دفاع نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں قطرکی طرف سے بروقت امدادی کھیپ پہنچانے کوبھی سراہا۔ قطری سفیر نے نئی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں پورا اعتماد ہے کہ نئی حکومت اپنا مضبوط کردار ادا کرے گی اور ہم اس کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار اور پیمانے کو تسلیم کیا اور متعلقہ شعبے میں ترقی پسندانہ بنیادوں پر مشترکہ منصوبوں کو شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔