وزیر اعظم سے یو اے ای کے ناظم الامور،چینی کمپنی کے وفد کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

لاہور(آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور نے بھی لاہور میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستانی قوم کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے سامان سے بھرا طیارہ بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 50 ملین ڈالرز مالیت کا امدادی سامان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان اور 50 ملین اماراتی درہم کی امداد پر متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم محمد بن راشد آل مکتوم کا شکریہ ادا کیا.وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہر آفت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سفارتی اور خارجی محاظ پر متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے. پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے. دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے والی چینی کمپنی کے ایک وفد نے پاکستان میں چینی قونصل جنرل کی سربراہی میں ملاقات کی اور وزیراعظم کو ایک خطیر رقم کا چیک برائے امداد و بحالی سیلاب زدگان پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جب بھی مشکل گھڑی سے گزرا تو چینی حکومت اور عوام نے کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا اسی محبت کی وجہ سے دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحر الکاہل سے گہری ہے۔ ہمیں ہمیشہ اس دوستی پر فخر ہے اور رہیگا۔