اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں امن امان کے قیام کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا، سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون پر شکر گزار ہیں۔ تفصیل کے مطابق چیرمین سینیٹ سے امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس وومن شیلا جیکسن، کانگریس مین آل گرین، رکن کانگریس تھامس سوازی اور پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم پر مشتمل امریکی وفد نے ملاقات کی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر اعظم خان سواتی اور سینیٹر دلاور خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔چیئرمین سینیٹ نے اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور وفد کو حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے متعلق آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ کا کہناتھا سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون پر شکر گزار ہیں۔ موجودہ صورت حال میں یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرین کیلیے امداد نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔دورہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مزید اعلیٰ سطحی تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کارگر ثابت ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیرالجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے.
Load/Hide Comments



