300 یونٹ بجلی استعمال کرنیوالوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنیکا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کے حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا ہے، اس ضمن میں منسٹری آف انرجی پاور ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی کے بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔یاد رہے کہ اگست کے مہینے کے بلوں میں مہنگے ایندھن کی قیمت شامل کی گئی تھی جس پر شہری سراپا احتجاج تھے۔