کراچی(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معیشت سنبھل چکی ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،شوکت ترین اور ان کی جماعت ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتے تھے، انہیں میرا مشورہ ہے کہ ملکی مفاد کے خلاف جھوٹ بولنا بند کریں، ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ریکارڈ قرضے لئے، تجارتی خسارہ ریکارڈ پر تھا اور خیرات کے نام پر پیسے سیاست میں استعمال کئے اور قوم کو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک میں سیلاب کی صورتحال ہے اور یہ وقت سیاست کا نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شوکت ترین کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں انہیں ملکی مفاد کے خلاف جھوٹ بولنا بند کرنا چاہئے، آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس سے ایک روز قبل آپ پاکستان کی امداد روکنے کیلئے ٹیلیفون کر رہے تھے اور اب قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آئی ایم ایف سے سالانہ دو فیصد ٹیکس بڑھانے اور ٹیکس لیوی، پٹرولیم کی قیمت بڑھانے اور سبسڈی ختم کرنے کے معاہدے آپ نے نہیں کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتے تھے۔اس وقت ملک میں بدترین سیلاب کی صورتحال ہے، چالیس لاکھ سے زائد خاندان سیلاب سے متاثرہ ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ ان چالیس لاکھ سے زائد خاندانوں کو 25 ہزار روپے فی خاندان امداد دے رہے ہیں اور ہم اس رقم کا بندوبست کریں گے۔ سیلاب سے گندم، اجناس کا ذخیرہ اور کپاس کی فصل تباہ ہوگئی ہے، بلوچستان اور سندھ میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جس سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا ہمیں ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت معیشت سنبھل گئی ہے اور دیوالیہ ہونے سے بچ گئی ہے جس کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے اب سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے فصلوں کو نقصان کی وجہ سے جو قیمتوں میں اضافہ ہوا اس کا بھی ادراک ہے اور اشیا ضروریہ کی قیمتوں کو معمو پرل لائیں گے، گھی پہلے ہی سستا کردیا گیا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اور سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں، افراط زر کو بھی کنٹرول میں لایا جائے گا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں، پچاس فیصد سے زیادہ بچے سکول نہیں جا رہے، فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، ایسے وقت میں سیاست نہ کی جائے ورنہ قوم آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان نے بڑے بڑے دعوے کیئے اور ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوا۔
Load/Hide Comments



