پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے،راناء ثناء اللہ

اسلام آباد(آن لائن)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے،دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ،سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے،سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد کے شکرگزار ہیں۔تفصیل کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد نے جمعہ کو وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔ سعودی کمانڈر بارڈر گارڈ میجر جنرل محمد بن عبداللہ الشہری کی قیادت میں وفد کی وزیر داخلہ راناثناء اللہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو بھی موجودتھے جبکہ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ سمیت وزارت داخلہ کی دیگراعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔ سکیورٹی،غیر قانونی امیگریشن اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے کی ٹریننگ کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ نے خادمین حرمین شریفین کو حج 2022 پر بہترین انتظامات کرنے پرمبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان سے عازمین حج کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباداورسعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔راناء ثناء اللہ کا کہناتھا پاکستان اور سعودی عرب کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔